پشاور(این این آئی) سابق وزیر اعلیٰ،جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء اور سربراہ رہبر کمیٹی اکرم خان درانی کی ولی باغ چارسدہ آمد،اس موقع پر اکرم خان درانی نے سربراہ اے این پی اسفندیار ولی خان سے خصوصی ملاقات بھی کی،ملاقات کے دوران اکرم خان درانی کی سربراہی میں آئے ہوئے جے یو آئی کے جرگے نے اے این پی کو اسلام آباد مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی،جس کے جواب میں مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی سمجھتی ہے کہ ملک کو موجودہ صورتحال میں جن مسائل کا سامنا ہے
اُس کا حل صرف اور صرف نئے انتخابات ہیں کیونکہ جو حکومت عوامی مینڈیٹ کو کچل کر آتی ہے اُن کے فیصلے پھر عوام کیلئے نہیں بلکہ اُن لوگوں کیلئے ہوتے ہیں جو ان کو برسراقتدار لیکر آتے ہیں،اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سلیکٹڈ نے سیاسی پارٹیوں کا مینڈیٹ چھین کر ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے،ملکی معیشت کو داو پر لگا دیا گیا ہے اور مہنگائی نے عوام کو مزید کھرب میں مبتلا کردیا ہے۔انہوں نے کہا اسلام آباد مارچ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ جلد کیاجائیگا جس کیلئے پارٹی اجلاس کا اعلان جلد کیا جائیگا۔