لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ اور آئی جی جیل پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کی ذاتی کاوشوں سے محکمہ جیل خانہ جات کے چھوٹے ملازمین کی اَپ گریڈیشن ممکن ہوئی ہے جس کے تحت وارڈرز کی 5 ویں گریڈ سے 7 ویں گریڈ، ہیڈ وارڈرز کی 7 ویں گریڈ سے 9ویں گریڈ اور چیف وارڈرز کی 11ویں گریڈ سے 14 ویں میں اَپ گریڈیشن کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ محکمہ جیل خانہ جات کے ملازمین نے اپنے دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور صوبائی وزیر
جیل خانہ جات اور آئی جی جیل کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔ آئی جی جیل پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ نے اَپ گریڈیشن کی سمری ارسال کی تھی جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے 17 ہزار سے زائد ملازمین کی اَپ گریڈیشن کی منظوری دیدی۔ صوبائی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اُمید ہے کہ جیل ملازمین اب زیادہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں گے کیونکہ حکومت نے اُن کی معاشی مشکلات کسی حد تک کم کر دی ہیں اور توقع ہے کہ اُن میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو جائے گی۔