کراچی (این این آئی)محکمہ موسمیات نے 4اور 5اکتوبر کو ایک مرتبہ پھر کراچی میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق ملک میں عام طور پر مون سون کے بعد موسم خشک رہتا ہے اور دسمبر میں مغربی ہوائیں سندھ اور بلوچستان پر اثر انداز ہوتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کا یہ سسٹم ملک کے شمالی حصوں سمیت سندھ میں بارش برسائے گا جبکہ بلوچستان کے 80 فیصد علاقوں میں اچھی بارشیں متوقع ہیں، شہر قائد
میں 4 اور 5 اکتوبر کو ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔سردار سرفراز نے بتایا کہ مغربی ہواوں کا سسٹم اکتوبر میں کم ہی بلوچستان اور سند ھ کو اثر انداز کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ہواوں کے زیرِ اثر کراچی میں مطلع ابر آلود اور تیز ہوائیں چل سکتی ہے، جبکہ 3 سے 6 اکتوبر کے دوران درجہ حرارت بھی 32 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 30 سالہ کلائمٹ ڈیٹا کے مطابق اکتوبر کا اوسط درجہ حرارت 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہتا ہے۔