اسلام آباد(آن لائن) موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پر عزم ہے، سی پیک فریم ورک کا دوسرا مرحلہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور معاشی و اقتصادی فوائد حاصل کرنے پر مرکوز رہے گا۔ سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق اس منصوبہ کے تحت دوسرے مرحلے میں سماجی و صنعتی شعبے پر توجہ دی جائیگی۔صنعتی زونز کے قیام، تعلیم اور زراعت سمیت دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ پہلے مرحلے
میں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اورتوانائی سمیت شاہراہوں کی تعمیر پر توجہ دی گئی تھی۔سی پیک کے تحت چینی اور پاکستانی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دونوں ممالک خصوصی طور پر اقتصادی تعاون کو فروغ دیں گے۔اس مرحلے میں زراعت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دیا جائیگا۔ چین اور پاکستان دو زرعی ممالک ہیں اور اس تناظرمیں پاکستان زراعت کے شعبے میں چین کے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے۔