لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ تبدیلی سرکار اپنے ہی چہیتے ڈاکٹروں پر مقدمات درج کررہی ہے۔عظمی بخاری نے کہاکہ ڈاکٹروں پرمقدمات درج کرنے پراپنے ردعمل میں کہاکہ تحریک انصاف دس سال انہی ڈاکٹروں کے ساتھ ملکر مسلم لیگ ن کی حکومت کیخلاف مظاہرے کرتی رہی،آج یہی ڈاکٹر ز حکومت کی مریض دشمن اور ڈاکٹرز دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔مریض دشمن حکومت کیخلاف احتجاج کرنے والےڈاکٹروں
کیخلاف مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔ہڑتالی ڈاکٹروں کو نوکریوں سے نکالنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔پنجاب اور کے پی کے میں صحت کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔شہبازشریف نے دس سالوں میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو جدید معیار کے مطابق بنادیا،یہ نالائق حکومت خوشحال اور ترقیافتہ پنجاب کا بیڑہ غرق کرنے آئی ہے۔پنجاب کا ایک بھی ایسا ادارہ نہیں جو ترقی کی جانب گامزن ہو،اگر اس حکومت کو پانچ سال پورے کرنے دیے تو یہ لوگ ملک کو دیوالیہ کرکے فرار ہو جائیں گے۔