اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابقہ دور میں وزارت اطلاعات و نشریات نے قومی خزانے کو کتنا نقصان پہنچایا اس کی تفصیلات آڈٹ رپورٹ میں سامنے آ گئی ہیں، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں وزارت اطلاعات کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں، وزارت اطلاعات کا 2016ء سے 2018ء تک کا آڈٹ کیا گیا ہے اور اس آڈٹ رپورٹ کے مطابق غیر قانونی بھرتیوں سے پی ٹی وی کو ایک ارب گیارہ کروڑ کا نقصان پہنچا ہے، سال 2016ء سے سال 2018ء کے دوران اضافی سٹاف
بھرتی کرنے سے قومی خزانے کو 13 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا، اس کے ساتھ ساتھ جعلی دستاویزات پر جعلی افسران کی بھرتی کی گئی جس سے دو کروڑ اور دس لاکھ کا نقصان ہوا، افسران کو برطرف کرنے کے حکم پر بھی عملدرآمد نہ ہو سکا، 2004ء سے 2018ء تک دو ارب 34 کروڑ روپے ٹی وی فیس بلوں میں وصول نہیں کیا جا سکا، اس کے ساتھ ساتھ رمضان ٹرانسمشن اور دیگر پروگرامز کے لیے سامان کی خریداری کے لیے بے ضابطگیوں کے باعث خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔