کراچی(این این آئی) شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں فردوس شمیم نقوی کے کوآرڈی نیٹر کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال پٹیل اسپتال کے قریب تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کے کوآرڈی نیٹر ریحان غوری کو 3 ملزمان نے اغوا کرنے کی کوشش کی،
ملزمان ریحان غوری کو گھسیٹتے رہے، مبینہ ٹاؤن تھانے کے اے ایس آئی شاہنواز کی ہوائی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔ملزمان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔مبینہ ٹاؤن تھانے کے باہر پی ٹی آئی رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے کوآرڈی نیٹر ریحان غوری حملے میں بال بال بچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹیل اسپتال کے قریب ملزمان نے ریحان کے اغوا کی کوشش کی، 3 ملزمان دو موٹر سائیکلوں میں سوار تھے، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پولیس کی فائرنگ پر ملزمان ایک موٹر سائیکل چھوڑکر فرار ہوگئے، ملزمان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اغوا کی کوشش ہے یا اسٹریٹ کرائم ابھی تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تعداد تین تھی، اور وہ ایک موٹر سائیکل چھوڑ کر دوسری موٹر سائیکل پر تینوں سوار ہو کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں فردوس شمیم نقوی کے کوآرڈی نیٹر کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔