اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینیئر فیض نقشبندی اور سید عبداللہ گیلانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیریوں کے جذبات کی موثر انداز سے ترجمانی کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید عبداللہ گیلانی نے اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان
نے کشمیر کا سفیر ہونے کے اپنے وعدے کا حق ادا کر دیا اور جنرل اسمبلی سے ان کے خطاب نے حق خود ارادیت کے حصول کی پرامن جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں کی مشکلات اور تنازعہ کشمیر کو موثر طریقے سے عالمی رہنماؤں کے روبرو اجاگر کرنے پر حریت کانفرنس کی قیادت کی طرف سے عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔