اسلام آباد(آن لائن)پاک بحریہ کے جہازپی این ایس عالمگیر نے ہیلی کاپٹر ایلوٹ کے ہمراہ سعوی عرب کی بندر گاہ جدہ کا دورہ کیا۔دورہ اوورسیز ڈپلائمنٹ فار ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول کا حصہ تھا۔ ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول کا مقصد اہم چوک پوائنٹس کے اطراف بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔پی این ایس عالمگیرجدید ترین اسلحہ اور سینسر ز سے لیس ہے جو کثیر خطراتی ماحول میں وسیع تر بحری آپریشنز کی صلاحیت کا حامل ہے۔
جدہ بندرگاہ پہنچنے پر بحری جہاز کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔بندر گاہ قیام کے دوران کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر نے ڈپٹی ویسٹرن فلیٹ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقات کی اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے سعودی بحریہ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سلطنت ِ سعودیہ عرب کے 89 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین کثیر جہتی دیرینہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پی این ایس عالمگیر کا دورہ اس بکی بہترین مثال ہے۔ بندرگاہ قیام کے دوران پی این ایس عالمگیر پر ایک استقبالیہ عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ روسی،ترک،صومالی،قازقستان،جنوبی افریقی، فلپائینی،کیمرون،مصری،تھائی لینڈ اور ایریٹیریا کے سفارتکار شریک تھے۔پاک بحریہ کے بحری جہاز عالمگیر کے جدہ دورے کا مقصدحکومت پاکستان کی پالیسی کے تحت دونوں برادر ممالک کے مابین مستقبل میں تعاون اور باہمی تعلقات کے لئے نئی راہیں متعین کرنا تھا۔ علاوہ ازیں، دورے کا ایک اور مقصد پاک بحریہ اوررائل سعودی بحریہ کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔پاکستا ن اور سعودی عرب کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ دورے کے اختتام پر بحری جہاز شمالی بحیرہ عرب میں اپنے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول پر دوبارہ روانہ ہوگیا۔