مریدکے (این این ائی) مریدکے کی آبادی سلطان پارک میں باپ نے دوسری شادی کی خاطر تین سالہ دو جڑواں بیٹیوں کو زہر دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا،ملزم پہلے ڈرامہ رچاتا رہا لیکن پولیس تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
مریدکے سٹی پولیس کے مطابق آبادی سلطان پارک کے رہائشی افضل نے کوثر نامی خاتوں سے شادی کی جس کے بطن سے ایک بیٹا اور دو جڑواں بیٹیاں ہوئیں۔بیٹیوں کی پیدائش پر اکثرمیاں بیوی میں جھگڑا رہتا تھا۔دس مئی کو کوثر بی بی بیٹا لے ماں باپ کے پاس چلی گئی جبکہ جڑواں بیٹیاں تین سالہ منیہا اور تین سالہ منیبہ شوہر کے پاس چھوڑ گئی۔کوثر بی بی نے خاوند سے علیحدگی کیلئے عدالت سے بھی رجوع کرلیا۔افضل نے بھی دوسری شادی کی سوچ بچار شروع کر دی اور اس نے مبینہ طو رپر محبوبہ کی خواہش پر دونوں کمسن بیٹیوں کو زہر دیکر مارڈالا اور انکی لاشوں کے قریب دہی چاول اور سرف بکھیر کر ڈرامہ رچا دیا کہ اس کی دونوں بیٹیاں رات باسی چاول یا کھیلتے ہوئے سرف کھانے سے جاں بحق ہو گئیں۔پولیس نے شک گزرنے پر فوری طور پر بچیوں کی لاشوں کو تحویل میں لے لیا اور فرانزک ٹیم طلب کرلی جس کی تحقیقات اور کیمیکل رپورٹ کے بعد بچیوں کو زہر دے کر مارنے کا انکشاف ہو گیا۔پولیس نے بچیوں کے باپ افضل کو حراست میں لے کر تحقیقات کیں تو اس نے اعتراف جرم کرتے بتایا کہ اس نے دوسری شادی کی خاطر محبوبہ کے کہنے پر بیٹیوں کو زہر دیکر مارا اور انکی اچانک موت کا ڈرامہ رچایا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔