لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی ترجمان کی ہے یہ تاریخ کا حصہ ہے،کشمیر کے معاملے پر او آئی سی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد ہونے جارہا ہے،اسلام آباد کی طرف مارچ کے حوالے سے میری پیشگوئی سچ ثابت ہوئی ہے اور (ن) لیگ نے تاریخ آگے بڑھا تے ہوئے نومبر دیدی ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی دسمبر کا اعلان کیا ہے،
عمران خان نے ناموس رسالت ؐ کا مقدمہ دنیا کے سب سے بڑے ادارے کے سامنے لڑا ہے اس لئے مولانا فضل الرحمان اب اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور اگر انہیں فیس سیونگ چاہیے تو وہ بھی دینے کیلئے تیار ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری اور ایم ایل ون پیک ہونے کا پراپیگنڈا بے بنیاد ہے اور اسے سختی سے مسترد کرتا ہوں،فریٹ ویگنز کے کرایوں میں 20فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق فوری ہوگا۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 15اکتوبر سے جناح ایکسپریس میں اکانومی کلاس بھی شروع کر رہے ہیں، تمام ریلوے سٹیشنز پر یورپ کی طرز پر فوڈ سٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فریٹ ویگنز کے کرائے میں 20فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے اور اب کنٹینر کا کرایہ 1لاکھ60ہزار روپے ہوگا ۔ ہمیں ٹاسک ہے کہ ہم نے ریلوے کا خسارہ ختم کرنا ہے۔ عمران خان نے واضح کہا ہے سڑک کا سارا بزنس ٹریک پر لے کر آئیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایل ون کے پیک ہونے کا پراپیگنڈا میری وزارت اور میرے خلاف سازش ہے، اگلے ماہ ساری قوم جان لے گی جب عمران خان دورہ چین کے دوران اس پر دستخط ہوں گے اور وزیر اعظم کے دورہ چین میں تین اہم فیصلوں میں ایم ایل ون ترجیح پر ہے۔ ایم ایل ون کا منصوبہ ہماری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،اس کے ذریعے ہم ٹرین کی رفتار کو 160پر لے کر جائیں گے او رپھر اسے 260پر بھی لے جایا جائے گا۔
ہمارے پاس ایم ایل ون کے علاوہ کوئی پلان اور آپشن نہیں ہے۔حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی طرف سے ایم ایل ون منصوبے کی راہ میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں۔سی پیک میں اصل منصوبہ ہی ایم ایل ون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ایل سی کو فی کوچ60ہزار میں ٹرین دی ہے، ہمارے پاس کوچز اور ویگنز کی شدید کمی ہے اور ہم پرانی کوچز اور ویگنز کو مرمت کر کے کام چلا رہے ہیں۔ ماضی میں مہنگے اور خراب انجن خریدے گئے لیکن ہم نے ابھی تک ایک روپے کی امپورٹ نہیں کی۔
ٹرینوں کے تاخیر کا شکار ہونے کے باوجود ہمارے 80لاکھ مسافر بڑھ گئے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے لیکن جب تک ایم ایل ون کا منصوبہ مکمل نہیں ہوتا ٹرینوں کی تاخیر اور اس طرز کے دیگر مسائل درپیش رہیں گے۔ ہم نے دس ارب روپے زیادہ آمدنی کمائی ہے۔ اس وقت 138ٹرینیں چل رہی ہیں،اگر ہمارے پاس کوچز ہوں تو میں انہیں 150روزانہ پر لے کر جاؤں، ہم نے فریٹ ٹرینیں 7سے 12کی ہیں اور انہیں 15تک لے جاؤں گااور خسارہ کم کر کے دکھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم خان نے حالیہ چھ سے سات روز میں 100عالمی رہنماؤں اور شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔
پہلے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر کشمیر پر ملی بھگت سے تقریریں ہوتی تھیں لیکن عمران خان نے جس طرح کشمیر کا مقدمہ پیش کیا ہے وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ میری اطلاعات کے مطابق کشمیر کے معاملے پر او آئی سی کی کانفرنس پاکستان میں ہونے جارہی ہے، کشمیری اپنا خود کیس لڑیں گے، عمران خان نے مودی کو بڑے طریقے سلیقے سے تنبیہ کی ہے کہ اگر اب جنگ ہوئی تو یہ آخری ہو گی اور ایٹمی جنگ ہو گی،ترک او رملائیشیاء کے سربراہان نے بھی کشمیر اور امت مسلمہ کے مسائل پر بات کی ہے۔انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے کہا کہ میری پیشگوئی سچ ثابت ہوئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) اسے آگے لے کر جائے گی اور اس نے نومبر کی تاریخ دیدی ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے دسمبر کا کہا ہے۔ عمران خان نے ناموس رسالت کا مقدمہ دنیا کے سب سے بڑے ادارے کے سامنے لڑا ہے۔
مولانافضل الرحمان اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور اگر انہیں فیس سیونگ چاہیے تو وہ بھی دینے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سپر پاور ہے اور سپر پاور ہمیشہ وکٹ کی دونوں جانب کھیلتا ہے۔ چین اور امریکہ کو پاکستان کو ہماری ضرورت ہے۔ امریکہ کو افغانستان سے نکلنے کے لئے ہماری ضرورت ہے تو مودی اس کی کاروباری ضرورت ہے ۔ چین کی دوستی آزمائی ہوئی ہے اور پاکستان کے بچے بچے کو اس دوستی پر ناز اور فخر ہے۔ امریکہ بھارت کو چین کے لئے تیار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف خاندان کو خدا کی طرف سے سزاہے کہ نہ ان کی اولاد ان کے پاس ہے اور نہ ہی پیسہ کسی کام کا ہے۔نوازشریف اور زرداری کو اے سی دیں گے ان سے سڑکیں نہیں بنوائیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا صر ف شہباز سے رابطہ ہے اور انہیں کہا ہے کہ کام ختم کرو جبکہ مولانا عبد الغفور حیدری کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کو پیغام بھجوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آئے گا تو کشمیر کے ایشو پر تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے پیچھے کھڑی ہوں گی اور یہ فیصلہ ہو گیا ہے۔