لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حافظ نعمان اور تحریک انصاف کے رہنما سبطین خان کو کیمپ جیل سے رہا کر دیا گیا۔حافظ نعمان احمد لاہور پارکنگ کمپنی سکینڈل میں گرفتار تھے۔کیمپ جیل سے رہا ہونے کے بعد کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ قبل ازیں احتساب عدالت نے 50.50 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرنے کے بعد روبکار جاری کی۔یاد رہے کہ حافظ میاں نعمان کو نیب لاہور نے لاہور پارکنگ کمپنی سکینڈل میں 28نومبر 2018 کو گرفتار کیا تھا جبکہ لاہور ہائیکورٹ
کے بنچ نے ضمانت منظور کی تھی۔علاوہ ازیں پنجاب کے سابق صوبائی وزیرسبطین خان کوبھی کیمپ جیل سے رہا کردیاگیا۔کارکنوں نے سبطین خان کاپرتپاک استقبال کیا اور اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔نیب نے سبطین خان خان کو 2007 میں چنیوٹ میں مائنز ٹھیکہ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ ان پر چنیوٹ میں اربوں روپے کے ٹھیکے میں من پسند کمپنی کو نوازنے کا الزام تھا۔ہائیکورٹ کے حکم پر مچلکے جمع کرانے کے بعد ان کی روبکاری جاری کی گئی۔