کوئٹہ (این این آئی) پاک افغان سرحدی شہر چمن میں دھما کے کے نتیجے میں جمعیت علماء اسلام(ف) کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد شہید 16زخمی ہوگئے، دھماکے کے وقت مولانا محمد حنیف اپنے دفتر سے باہر آرہے تھے، وہ مولانا فضل الرحمن کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے،
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پاک افغان سرحدی شہر چمن میں تاج روڈ کے مقام پر موٹر سائیکل میں نصب بم دھما کہ ہوا جس کے نتیجے میں جمعیت علماء اسلا م کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمد حنیف سمیت 19افراد زخمی ہوگئے،دھماکے کے بعد پولیس، لیویز،ایف سی سمیت ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو سول ہسپتال چمن منتقل کردیا جہاں دوران علاج دو زخمی جاں بحق ہوگئے جبکہ مولانا محمد حنیف کو شدید زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کیاجا رہا تھا کہ اسی دوران وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جس سے واقعہ میں شہداء کی تعداد تین ہوگئی، سکیورٹی حکام کے مطابق دھما کے میں مولانا محمد حنیف کو نشانہ بنایاگیادھماکہ خیز مواد انکے دفتر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جوں ہی مولانا محمد حنیف دفتر سے باہر نکلے دھما کہ ہوگیا،حکام کے مطابق دھما کہ کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ متعد د موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں،جمعیت علماء اسلام کے ذرائع کے مطابق مولانا محمد حنیف پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری اور مولانا فضل الرحمن کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے جبکہ قبائلی اورعلاقائی اعتبار سے بھی وہ بااثر شخصیت تھے، پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا محمد حنیف کی میت کو انکی آبائی علاقے میں سپر د خاک کیا جائیگا، دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کوگھیر ے میں لیکر شواہد اکھٹے کر لئے جبکہ چمن شہر کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔