اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورراولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت میں کچھ کمی آگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے متعدد مقامات کے علاوہ سندھ میں میر پور خا ص، ٹھٹھہ اور بدین، خیبر پختونخوا اور مظفر آباد آزاد کشمیر میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔پنجاب میں گوجرانولہ، چکوال، منڈی بہاؤ الدین
میں صبح سویرے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، گجرات شہر اور گردونواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ملکہ کوہسار مری میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو تبدیل کردیا ہے، آزاد کشمیر میں متعدد مقامات، میرپور،نکیال، برنالہ،پلندری میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی،دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں بتدریج کمی آنے لگی۔