اسلام آباد (این این آئی) حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کی معاشی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق سخت زری پالیسی،روپے کی قدر میں کمی اور ترقیاتی اخراجات میں کمی کے معیشت پر مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 55 فیصد کمی کیساتھ ایک ارب 29 کروڑ ڈالر پر محدود ہو گیا ہے۔ اعلامئے کے مطابق برآمدات 3 فیصد اضافہ کیساتھ 3 ارب 75 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئی ہیں
جبکہ درآمدات 21 فیصد کمی کیساتھ 7 ارب 66 کروڑ ڈالر کی ہوئی ہیں۔ اعلامئے کے مطابق مشینری کی درآمد میں 8 فیصد اضافہ ہواہے۔ اعلامئے کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ترسیلات زر میں کمی کا رجحان رہا ہے،ابتدائی کمی کے باوجود ترسیلات زر کا ہدف حاصل کر لیا جائیگا۔ اعلامئے کے مطابق رواں سال 2019 کے پہلے 8میں 3 لاکھ 73 ہزار پاکستانی افراد ملازمت کیلئے بیرون ملک گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال 2018 میں 3 لاکھ 80 ہزار افراد ملازمت کیلئے باہر گئے۔