اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ مبینہ طور پر سیلفی لیتے ہوئے چھت سے گرکر ہلاک ہوگئی ہے۔یونیورسٹی حکام کے مطابق حلیمہ نامی طالبہ سیلفی لینے کے چکر میں یونیورسٹی کے نو تعمیرشدہ بلاک کی چوتھی منزل سے نیچے گری اور انہیں شدید چوٹیں آئیں، بعد ازاں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ذرائع کے مطابق طلباء کو نجی یونیورسٹی کے نو تعمیرشدہ بلاک میں جانے کی اجازت نہیں تھی لیکن اس کے باوجود حلیمہ وہاں گئیں جب کہ یونیورسٹی کے دیگر طلبہ
نے حلیمہ کی ہلاکت پر یونیورسٹی حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد کا شاہین چوک بلاک کردیا۔حلیمہ کے ساتھی طلباء کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی حکام حلیمہ کی ہلاکت کے اصل حقائق چھپا ر ہے ہیں، جب کہ چوتھے فلور پر اکاؤنٹنگ اور فنانس کی کلاسز ہوتی تھیں لیکن اس فلور پر لفٹ کی جگہ خالی چھوڑنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا ہے۔سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے گردش کررہی ہے اور ’جسٹس فار حلیمہ‘ کا ٹرینڈ بھی بن چکا ہے جو اب تک سیکڑوں لوگ فالو کرچکے ہیں۔