لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اہل خانہ نے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی،بھائی شہباز شریف اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نواز شریف سے ملک کی
مجموعی سیاسی صورتحال، نیب کیسز اورمولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور آئندہ کیلئے رہنمائی حاصل کی، ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر،بھائی شہباز شریف، داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر،نواسی ماہ نور صفدر اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے پارٹی قائد اور اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔شہباز شریف نے نواز شریف کو جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نواز شریف کو مریم نواز اور یوسف عباس کے کیس کے حوالے سے آگاہ کیا۔ نواز شریف نے آزاد کشمیر میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف کوہدایت کی کہ مسلم لیگ (ن) بطور جماعت اپنی ہر ممکن خدمات پیش کرے۔