اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس نے JF17 طیاروں کی اوورہالنگ کی صلاحیت حاصل کر کے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔اس تاریخی موقع پر ائیر کرافٹ ریبلڈ فیکٹری کامرہ میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
اوورہال کئے گئے چار JF-17طیاروں میں سے دو چین جبکہ دو طیارے مقامی طور پر ائیر کرافٹ ریبلڈ فیکٹری کامرہ میں تیار ہوئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی کے دور میں رہ رہے ہیں جہاں جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لئے خود انحصاری ایک کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انتھک جدوجہد کی بدو لت پاک فضائیہ کو اپنے اہداف کے حصول میں قابلِ ذکر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ JF-17 طیاروں کی اوور ہالنگ بلاشبہ ایک بڑی کامیابی ہے جو ائیر کرافٹ ریبلڈ فیکٹری کے ا نجنئیرز اور اور تکنیکی عملے کی انتھک محنت اور عزم و حوصلے کی بدولت ممکن ہوئی۔انہوں نے خود انحصاری کے حصول میں چین کی ایوی ایشن انڈسٹری بشمول AVIC، CATIC، CAIC اور CADI کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ائیر مارشل احمر شہزاد، چئیرمین پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ، چین کی نیشنل ایروٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن(CATIC) کے صدر یانگ ینگ، صدر ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنہ(AVIC) کے نائب صدر وانگ ونگ اور چائنہ ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن (CAIC) کے صدر ژہان جیان پنگ کے علاوہ اعلیٰ سول اور ملٹری عہدیداران بھی اس تقریب میں موجود تھے۔