لاہور(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ سلیکٹرز عمران خان کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگائیں،چند دوروں سے ثابت ہو گیا ہے کہ عمران خان کے دورے ان کی اور ملک کی صحت کیلئے نقصا ن دہ ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان مقدمہ لڑنے کے بجائے پاکستان کو ہی کٹہر ے میں کھڑا کر دیتے ہیں،ایران گئے تو وہاں اپنے ملک پر دہشتگردی کا الزام لگا آئے،اب امریکہ جا کر القاعدہ کو پاک فوج کے کھاتے میں ڈال دیا۔عمران خان کے غیرذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے بھارتی میڈیا میں پاکستان کا مذاق بنا ہوا ہے۔ خان صاحب کشمیر کا مقدمہ لڑنے گئے ہیں کہ پاکستان کو دہشتگرد ملک ثابت کرنے؟۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب کا عالمی دوروں پر جانا ضروری ہو تو براہ مہربانی کوئی بڑا ساتھ بھیجا جائے، سلیکٹرز سے مطالبہ ہے کہ کم سے کم خان صاحب کی بیرون ملک خطابات اور پریس کانفرنسوں پر ہی پابندی لگا دیں۔وزیر خارجہ خود وزارت اعظمی کے خواہشمند ہیں ان پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ممکن ہے وزیر خارجہ خود خان صاحب سے اس طرح کے غلطیاں کرواتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو یہ بھی سمجھایا جائے کہ عالمی فورم اور کنٹینر میں فرق ہوتا ہے، خان صاحب عالمی فورمز پر بھی کان میں کہی جانے والی بات بول جاتے ہیں۔سلیکٹرز ملکی سلامتی کی خاطر عمران خان کو باہر نہ جانے دیں۔