اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کا منصوبہ جمہوری نظام کی بساط لپیٹ سکتا ہے جس سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو فائدہ نہیں ہوگا۔ایک انٹرویومیں معروف وکیل نے کہاکہ
جن سیاسی جماعتوں کی قیادت پر مقدمات ہیں وہ عمران خان کو اتنا دھکا دینا نہیں چاہتیں کہ مارشل لا لگ جائے۔اعتزاز احسن نے کہاکہ جیل میں قید سیاسی قیادت کو صرف جمہوری حکومت کی موجودگی میں ہی نکالا جاسکتا ہے اور اگر مارشل لا لگ گیا تو نوازشریف کیسے باہر آئیں گے۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہاکہ بلاول نے بھی اسی لیے لمبی تاریخ دی ہے کہ وہ جمہوری نظام کی بساط لپیٹنا نہیں چاہتے۔انہوں نے کہاکہ باتیں کرنا آسان ہے تاہم دھرنا دینے سے اس وقت تک حکومت نہیں جاتی جب تک ملک میں بڑے پیمانے پر بد امنی پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا جن لوگوں کا خیال ہے کہ دھرنا دینے سے عمران خان مستعفی ہوجائیں گے یا اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی تو ان کو مایوسی ہوگی۔اعتزازاحسن نے کہاکہ ن لیگ جانتی ہے کہ نواز شریف سول حکومت کی موجودگی میں ہی باہر آسکتے ہیں اور اگر جمہوری نظام ہی نہ رہا تو سابق وزیراعظم جیل سے باہر کیسے آئیں گے۔پیپلزپارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر دھرنے سے حکومت نہ گری تو اس کا عمران خان کو فائدہ ہوگا اور موجودہ حکومت مزید مضبوط ہو جائے گی۔