راولپنڈی (آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر جغرافیائی نہیں ہماری کشمیریوں سے محبت کا معاملہ ہے، ہم مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں ہرگز مایوس نہیں کریں گے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں کے طلباء اور اساتذہ نے ملاقات کی، کشمیری وفد میں یوتھ سینٹ اسمبلی کے ارکان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں آرمی چیف نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے
کہا کہ وہ خوب محنت کریں، خود پر اور اپنی قومی قیادت پر یقین رکھیں۔ وہ قوم کا مستقبل ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر کشمیریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں لیکن پاکستان ہر حال میں کشمیریوں کا ساتھ دے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے اس موقع پر کشمیری طلباء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایل او سی کے دونوں جانب کشمیری پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔