اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات سے بھاگ رہی ہے،عمران خان قانون کی گرفت سے بچنے کیلئے قانون کی شگافیوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں،تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں ان 18 اکاونٹس کا ذکر نہیں کیا جس سے خطیر رقم آتی ہے اور وہ اپنا اور پارٹی کے اخراجات چلاتے ہیں، عمران خان کو ڈر ہے الیکشن کمیشن میں شفاف ممبران کی تعیناتی ہوئی تو
ان کی منی لانڈرنگ کا حساب ہوگا،آج تک انہوں نے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کیلئے اپوزیشن لیڈر سے رابطہ نہیں کیا۔جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا الیکشن کمیشن کے باہر سے پوری قوم کی توجہ منی لانڈرنگ کی طرف مبذول کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات سے بھاگ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قانون کی گرفت سے بچنے کیلئے قانون کی شگافیوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ہسپتال کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں 18 اکاونٹس کا ذکر نہیں کیا،سٹیٹ بینک نے ان 18 اکاونٹس کے بارے میں بتایا ہے کہ خطیررقم ان اکاونٹس میں آتی تھی،عمران خان ان 18 بے نامی اکاونٹس سے اپنے اور اور پارٹی کے اخراجات چلاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب سے اس بارے میں تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد مسٹر کلین 5 سال سے اپنی منی لانڈرنگ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی قسم کا حساب پیش کرنے سے قاصر ہیں وہ کیوں اپنی مرضی کے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کرنا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں ڈر ہے کہ شفاف ممبران کی تعیناتی ہوئی تو ان کی منی لانڈرنگ کا حساب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ
وزیراعظم نے آج تک الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر سے رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بی جے پی سے کتنی ڈونیشین حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 1 سال میں پاکستان کو کہاں لا کر کھڑا کیا ہے ہمیں خدشہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ جو کھلواڑ کیا ہے وہ بیرونی طاقتوں کے کہنے پر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا پاکستان کی ایجنسیاں ایران کے اندر تخریب کاری کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی عمران خان نے کہا
ہماری افواج نے القاعدہ کی تربیت کی۔انہوں نے کہا کہ ان کے اس بیان سے ہمارے مسلح افواج کے جوان جو بارڈرز پر کھڑے ہیں ان کے دلوں پر کیا گزری ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہماری مسلح افواج کی توہین کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں الیکشن کمیشن منی لانڈرنگ کیس کی کارروائی اوپن کرے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو پتا لگنا چاہیے وہ کون لوگ ہیں جو عمران خان کو فنڈنگ کرتے رہے ہیں۔