کراچی (این این آئی)مرید عباس قتل کیس میں نیب نے ملزم عاطف زمان کے خلاف مالی فراڈ کی باقاعدہ تفتیش شروع کردی۔ جعلسازی سے متاثرہ افراد سے درخواستیں جمع کرانے کے لئے اشتہار شائع کرادیا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کا کہنا ہے نیب کیس کے مالی پہلووں پر کام کرے گا جبکہ تفتیشی پولیس دوہرے قتل کیس پر کام کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔نیب نے ملزم عاطف زمان کے خلاف باقاعدہ تفتیش کا آغاز کردیا۔مالی فراڈ کے متاثرین کیلئے اشتہار جاری کردیا گیا۔نیب کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو کراچی کی جانب سے عاطف زمان مالی فراڈ کیس پر کام کیا جارہا ہے۔ملزم کے خلاف عوام سے بڑے پیمانے پر دھوکے بازی اور جعلسازی کی تحقیقات ہورہی ہیں۔ ملزم نے زید انٹر پرائزز اور انفینیٹی بورڈ سولوشن کے نام سے پرکشش سرمایہ کاری کی اسکیم جاری کیں۔اور ٹائر کے کاروبار میں بڑے پیمانے پر دھوکے بازی اور فراڈ کیا ۔نیب اشتہار میں جعلسازی سے متاثرہ افراد سے کہا گیاہے کہ وہ نوٹری پبلک سے تصدیق شدہ درخواستیں نیب میں جمع کرائیں۔ان کے ساتھ اصل شناختی کارڈ ،مکمل دستاویزات، معاہدے کی کاپی ،بینکوں کی رسیدیں اور ادا کی گئی رقوم کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔درخواستیں بیس روز کے اندر اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ڈبلیو آئی ،احتساب بیورو ،نیب ہیڈکوارٹر میں جمع کرائی جائیں۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو نے عاطف زمان کے خلاف مالی معاملات میں تفتیش کی درخواست نیب کو دی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ مالی فراڈ میں بڑی رقم ہونے کی وجہ سے کیس نیب کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نیب عاطف زمان کیس پرفنانشل کرائم کے حوالے سے کام کرے گا۔ جبکہ تفتیشی پولیس دوہرے قتل کیس پر کام کررہی ہے۔