اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے سی پیک کے تحت اکانامک زونز پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے‘ رشکئی اکنامک زون گراونڈ بریکینگ کے لیے تقریباً مکمل ہے اس کا آئندہ ماہ اس کا افتتاح ہو جائے گا ۔ اے پی پی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے
وفاقی وزیر نے کہا کہ اکنامک زونز پاکستان کا پہلا تجربہ ہے جہاں چین ڈیویلپر کی حیثیت سے زونز پر کام کر رہا ہے‘ سی پیک کے 9 زونز 2015ء سے طے شدہ ہیں۔سی پیک درست سمت پر گامزن ہے اور اس پر پیش رفت منصوبوں کی ٹائم لائن کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اکنامک زونز پر کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ان زونز کے لیے سب سے زیادہ اہم بجلی گیس پانی کی فراہمی ہے، صوبائی حکومتوں نے ان تمام سہولیات کا اور انفراسٹرکچر کا سروے دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشکئی اکنامک زون کے ترقیاتی معاہدے پر کام ہو رہا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ رواں ماہ کے آخر یا اکتوبر کے پہلے ہفتے میں رشکئی کے ترقیاتی منصوبے پر کام مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ رشکئی کو بجلی اور گیس فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے عوامی شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں20 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس زون میں تعمیراتی کاموں کے آغاز سے صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی صنعتیں ترقی کی ایک نئی راہ پر گامزن ہوں گی۔