اسلام آباد( آن لائن)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مذہب کی سیاست نہیں کرتی، جمہوریت کو خطرہ ہوا تو ہم جمہوریت کا ساتھ دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کی عمران خان سے ضد ہے ملک میں مذہبی لحاظ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ جج بلیک میلنگ وڈیو کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، مریم نواز ہی نواز شریف کی اصل وارث ہیں ان کے بھائی تو بھگوڑے ہیں۔
اگر نواز شریف کی ڈیل ہوئی تو اسکا مطلب ہوگا کہ مریم نواز کے پاس کسی بہت ہی بڑی شخصیت کی وڈیو ہے جسے بلیک میل کرکے ڈیل حاصل کی گئی ہے۔ لیکن عمران خان کے موڈ میں ہر گز نہیں ہیں جبکہ حکومت اور جمہوریت کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ جمعرات کے روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے معروف قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان میں لوگ بغیر ثبوت ک ہر طرح کے الزامات عائد کردیتے ہیں۔ میں احتساب کے خلاف نہیں مگر احتساب یکطرفہ نہیں ہونا چاہیے۔مجھے خورشید شاہ کے میٹرریڈر ہونے کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی عمران خان سے ضد ہے۔ مولانا مذہب کے نام پر لوگوں کو جمع کرنا چاہتے ہیں وہ اس سے قبل پندرہ سولہ جلسے کرچکے ہیں جن میں مذہبی ایشو کو اٹھایا۔ پیپلز پارٹی مذہب کی سیاست نہیں کرتی۔ مذہبی لحاظ سے ملک میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ مولانا خود مسئلہ بنانے جارہے ہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کے خلاف ہم نے پارلیمنٹ کو تحفظ دیا۔ جمہوریت کو بظاہر و کوئی خطرہ نہیں تاہم اگر جمہوریت کو کوئی خطرہ ہوا تو ہم جمہوریت کا ساتھ دیں گے۔ غیر جمہوری قوتوں کے خلاف سیاسی تبدیلی چاہتے ہیں حکومت کو گھر بھیجنا پارٹی پالیسی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کہہ چکے ہیں کہ دسمبر تک حکومت نہ گئی تو میدان عمل میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مس مینجمنٹ ہورہی ہے
حکومت مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کو اپنے خلاف کررہی ہے لیکن حکومت کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے حکومت کے پاس اصلاح کا وقت موجود ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان نے بہت محنت کی ہے لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ وزیر اعظم بن گئے ہیں تو انہیں کسی چیز کی پرواہ نہیں ہوگی۔ عمران خان ڈیل کے موڈ میں نہیں ہیں وہ بار بار کہہ رہے ہیں کہ ڈیل نہیں ہوگی تو پھر نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھروسے کے قابل نہیں انہیں ڈیل کا موقع ملا تو وہ فوراً راضی ہوجائیں گے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ جج بلیک میلنگ ویڈیو کی کوئی قانونی حیثیت نہیں مریم نواز دعوٰی کرچکی ہیں کہ ان کے پاس اور بھی ٹیپس موجود ہیں تو اگر کوئی ڈیل انجام کو پہنچی تو اس کا مطلب ہوگا کہ ان کے پاس کسی بہت ہی بڑی شخصیت کو۔۔۔۔ بلیک میلنگ والی ویڈیو وغیرہ موجود ہے جس کے ذریعے ڈیل مکمل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہی نواز شریف کی اصل وارث ہیں ان کے بھائی تو بھگوڑے ہیں وہ تو بہن اور والد کا حال تک پوچھنے نہیں آئے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی گرفتاری کی خبر گرم ہے گرفتاری کی صورت میں سندھ حکومت معطل ہوجائے گی اور سندھ کابینہ کے اجلاس جیل میں منعقد کرنا پڑیں گے۔