لاہور( این این آئی )ڈولفن فورس کاشہریوں پر تشدد کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آگیا،آئی جی پنجاب اور سی سی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میںکیولری کے علاقہ میں ڈولفن اہلکاروں کونوجوان پرتشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔
دو ڈولفن اہلکار دو نوجوانوں کو کیولری پل پر روک کر کھڑے ہیں اور اسی دوران ایک اہلکار نوجوان پر تشدد کرتا ہے ۔آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز اور سی سی پی او بی اے ناصر نے ڈولفن اہلکاروں کے تشدد کی ویڈیو کانوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایسا رویہ ہر گز برداشت نہیں ،ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں ، اب ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دی جائے گی۔سی سی پی او بی اے ناصر نے کہا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔شہریوں سے بدسلوکی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے، قانون کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے ایس پی ڈولفن سکواڈ بلال ظفر کو واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو لائن حاضر کرکے مزید تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔