لاہور(این این آئی )حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ کشمیری مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی بھارت کی یکطرفہ کوششوں کو کبھی تسلیم نہیں کریںگے، مقبوضہ کشمیر میں کربلا کی سی صورتحال ہے اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے غنڈے وادی میں تعینات کئے جا رہے ہیں۔سرکاری ریڈیو کو انٹرویو میں مشال ملک نے کہا کہ عالمی ذرائع ابلاغ اور پاکستانی ذرائع ابلاغ کشمیر کے بارے میں عالمی برادری کو موثر انداز میں آگاہ کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان رابطے کا ایک موثر ذریعہ ہے جس کی خصوصاًمقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بندش کے تناظر میں بڑے پیمانے پر رسائی ہے۔مشال ملک نے ریڈیو پاکستان پرزور دیا کہ وہ یاسین ملک کو رہا کرو کے عنوان سے اور دیگر حریت رہنماں کی رہائی کیلئے ایک اور مہم شروع کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ان کے شوہر یاسین ملک کو بچپن سے شدید تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے اور اب ان کو امراض قلب سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باوجود ڈیتھ سیل میں رکھا جا رہا ہے۔