لاہور (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر وہاڑی میں خاتون پر تشدد کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آر پی او ملتان رات گئے متاثرہ خاتون کے گھر پہنچے اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس اہلکاروں کو تشدد کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ڈی ایس پی، ایس ایچ او، انچارج سی آئی اے، انچارج انویسٹی گیشن ٹیم، ہیڈ کانسٹیبل، متاثرہ خاتون پر الزام لگانے والے شخص ایاز کے
2 بیٹے اور ملازم شامل ہیں جبکہ اے ایس آئی یونس، سب انسپکٹر طاہر، ایاز اور اس کے 2 مفرور ملازمین کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ روایتی پولیس کلچر کی بدترین مثال ہے اور ایسے افسوسناک واقعات میں ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کرنا کافی نہیں بلکہ انہیں ملازمت سے برطرف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو کسی صورت بھی غیر انسانی فعل کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔