شکار پور(این این آئی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس میں شک نہیں کہ حالات اچھے نہیں تاہم لوگوں کو یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان حالات بدلیں گے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سکھر سے ڈی جی خان تک ریلوے ٹریک کے معائنے کیلئے
نکلا ہوں ،موجودہ حکومت نے ریلوے میں10 ہزار نوکریاں دی ہیں،ریلوے کاخسارہ جلد ختم کردیں گے، ایم ایل 1 سے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ حالات اچھے نہیں تاہم لوگوں کو یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان حالات بدلیں گے، جس جس نے گاجریں کھائی ہیں انہیں نیب کا چورن ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ آصف زرداری کے دوستوں نے پیسے دینے شروع کردیئے ہیں،آصف زرداری اور نواز شریف جلد رقم واپس کریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول میں کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے، قومیں اس وقت ترقی کرتی ہیں جب دشمن سے مقابلہ کرتی ہیں، مودی سے غلطی ہوگئی ہے لیکن اب ہم اسے جانے نہیں دیں گے، بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے اور آخری حد تک لڑیں گے۔