لاہور(پ ر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار یوم دفاع کے موقع پر محلہ پیر کالونی والٹن میں لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے لانس نائیک محمد تیمور اسلم کی رہائشگاہ پیر کالونی والٹن پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید لانس نائیک محمد تیمور اسلم کے والد محمد اسلم،نانا اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے لانس نائیک محمد تیمور اسلم کی دفاع وطن کیلئے عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور محمد تیمور اسلم شہید کی روح کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ محمد تیمور اسلم کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہید لانس نائیک محمد تیمور اسلم نے پاک وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبرشہداء کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ شہید محمد تیمور اسلم کے اہل خانہ کا بلند حوصلہ لائق تحسین ہے۔ شہید فوجی جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔وطن کی مٹی پر فدا ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہداء نے قوم کے کل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے اور وطن پر نثار ہونے والے شہداء پر ناز ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے خاندان کی ہر ممکن مدد کے لئے حاضر ہے۔ محمد تیمور اسلم نے جام شہادت نوش کرکے بہادری اور جرأت کی مثال قائم کی۔وطن پر جانیں نثار کرنے والے قوم کے ہیرو اور محمد تیمور اسلم جیسے دلیر بیٹے پاک دھرتی کا فخر ہیں۔ محمد تیمور اسلم نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ محمد تیمور اسلم کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانیوں کو محمد تیمور اسلم کی لازوال قربانی پر ناز ہے۔جس قوم کے سپوت جذبہ شہادت سے سرشار ہوں اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔کمشنر لاہورڈویژن،ڈی آئی جی آپریشنز،ڈپٹی کمشنر لاہوراورعسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنیشہید لانس نائیک محمد تیمور اسلم کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ
میں یوم دفاع وشہداء پر شہیدمحمد تیمور اسلم کی رہائشگاہ ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے لئے آیا ہوں۔6ستمبر شہداء اور ان کے اہل خانہ کو یا در کھنے کا دن ہے۔شہیدوں کی قربانیوں کے باعث ہم پرامن فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔شہداء کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم انتہائی قابل مذمت ہے۔پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی۔
یومِ فضائیہ کے موقع پر پیغام:وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ 7ستمبر 1965ء کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا روشن باب ہے۔ پاکستان کے شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں اورپاک فصائیہ کے جانبازوں نے فضائی حدود کا دفاع کرتے ہوئے مکار دشمن کو شکست دی اور دشمن کی فضائی طاقت کو نیست و نابود کیا۔ پاک فضائیہ کے ناقابل فراموش کردارکو سنہری حروف سے دنیا کی دفاعی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان ایئرفورس کے شہداء کی
عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کے عظیم کارناموں اور لازوال قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پوری قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے اور آج بھی پاک فضائیہ 1965ء والے جذبے سے سرشار اور دشمن کی ہر چال کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پرچند ماہ قبل فروری میں بھارت کے2 جنگی طیارے تباہ کر کے ایک بار پھر بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارض پاک
کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کر نے والے پاکستان ائیر فورس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری بہادر افواج نے پہلے بھی دشمن کے مکروہ عزائم ناکام بنائے اور آئندہ بھی بنائیں گی۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالامال ہیں، وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں اور مضبوط دفاع کے باعث وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ظفروال میں موٹر سائیکل رکشے پر ڈمپر الٹنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور غفلت کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جاں بحق بچوں کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شیخوپورہ کے علاقے میں اغواء کے بعد بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے 48 گھنٹے میں رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔