اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی خبریں زیر گردش ہیں اس حوالے سے جب معروف صحافی ارشاد احمد بھٹی نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ ”کیا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کئے جا رہے ہیں؟“ اس سوال پر وزیراعظم عمران خان غصے میں آ گئے، اپنے ٹوئٹر پیغام میں معروف صحافی نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا پروپیگنڈا کرنے والوں کی تلاش میں ہیں۔ دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہماری پالیسی ڈیٹرنس (دفاع) کی ہے، اس کے لیے جو بھی اس کا استعمال ہے ریاستی پالیسی کے مطابق ہوگا،موجودہ حالات میں قوم کو ایک ہونے کی ضرورت ہے اور ایک ہے،ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا معاملہ سنجیدہ نوعیت کا ہے جس پر عام مقامات یا پریس کانفرنس پر بات نہیں کی جاسکتی،پاکستان ہائبرڈ جنگ سے نبرد آزما ہے، اسرائیل کو تسلیم کر نے سے متعلق بات پروپیگنڈا ہے، آرمی چیف مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہتے تھے،عوام چھ دسمبر کو شہیدوں کے گھر جائے،شہداء کے لواحقین کو محسوس ہوناچاہیے قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے،قوم انسداد پولیو کو ملکر کامیاب بنائے۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں بہادر کشمیریوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آزادی کی اس جدوجہد میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری سانسیں آپ کے ساتھ چلتی ہیں، 72 سال آپ نے بھارتی دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے، آپ کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی جیسے ناپسندیدہ عمل سے تابیر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ آپ کی ثابت قدمی کو سلام ہے، ہمیں آپ کی موجودہ مشکلات کا بھرپور احساس ہے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور انشااللہ کھڑے رہیں گے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہمیں رب سے امید ہے کہ آپ اپنا جائز حق خود ارادیت حاصل کرکے رہیں گے۔