ملتان(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ڈیل کی خبریں آرہی ہیں، نوازشریف کا موقف واضح ہے این آر او نہیں لینگے،نیب خوب احتساب کرے مگر اپنے اختیارات سے تجاوز نہ کرے، مسلم لیگ ن کے خلاف کیسز فقط کاغذی کاروائیاں ہیں، فیصلے سب لکھے پڑے ہیں ججز صرف فیصلے سناتے ہیں،نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز جیل میں ہیں، جب لیڈر قربانیاں دے دیں تو
پارٹیاں ٹوٹتی نہیں ہیں۔ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم وزیراعظم عمران خان کے پاس نہیں جائیں گے اور یہ بات طے ہے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ این آر او دینے کی عمران خان کے پاس کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نواز کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر کب سے تحقیقات ہورہی ہیں مگر چارج نہیں لگا سکے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء للہ کے کیس کا فیصلہ آنے لگا تو جج کو واٹس ایپ پر پیغام آگیا۔انہوں نے کہاکہ نیب خوب احتساب کرے مگر اپنے اختیارات سے تجاوز نہ کرے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے کیس میں قانون میں کہیں نہیں ہے کہ شیئر ٹرانسفر نہیں کر سکتے، نیب یہ تو دیکھے کہ قانون لگتا کون سا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہم پر سات سال میں چھ ہزار کے قرضوں کا الزام عائد کرتے ہیں تاہم ان کی حکومت نے ایک سال میں 10 ہزار ارب کے قرضے لیے ہیں۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف کیسز فقط کاغذی کاروائیاں ہیں، فیصلے سب لکھے پڑے ہیں ججز صرف فیصلے سناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب ہی مقدمے مجرم اور ملزم بناتی ہے، یہ بنی ہی سیاسی پارٹیاں توڑنے کے لیے ہے۔جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز جیل میں ہیں، جب لیڈر قربانیاں دے دیں تو پارٹیاں ٹوٹتی نہیں ہیں۔