اسلام آباد (این این آئی)جوڈیشل مجسٹریٹ نے جج وڈیو کیس میں گرفتار تین ملزمان ناصر جنجوعہ، مہر غلام جیلانی اور خرم یوسف کو تفتیش کیلئے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔ منگل کو ایف آئی اے نے انسداد الیکٹرانک کرائم کی عدالت سے ضمانت مسترد ہونے پر جج وڈیو کیس میں گرفتار کیے گئے تین ملزمان ناصر جنجوعہ، مہر غلام جیلانی اور خرم یوسف کو جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کے روبرو پیش کیا۔دور ان سماعت ایف آئی اے نے
تفتیش کیلئے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزمان پر مقدمہ میں ایک ناقابل ضمانت دفعہ بھی شامل ہے، ملزمان سے تفتیش اور ریکوری کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔وکلا صفائی راجہ رضوان عباسی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ ملزم ناصر جنجوعہ پر لگایا گیا الزام کمزور ہے اس پر ریمانڈ نہیں دیا جا سکتا۔بعد میں انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو ان کی مرضی کے مطابق پورے پانچ دن دے دیں تاکہ وہ تفتیش مکمل کر سکیں۔