اسلام آباد (این این آئی)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ایشیا پیسفک گروپ رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کی کوششوں، اہداف پر عمل درآمد اور اقدامات کا جائزہ لے گا۔وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک کا اجلاس 8 سے 10 ستمبر تک تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چین کے فنانشل انٹیلی جنس یونٹ کے سربراہ کریں گے، اجلاس میں شریک چیئرمین بھارت کے فنانشل انٹیلی جنس یونٹ کے سربراہ بھی شامل ہوں گے۔ ایشیا پیسیفک گروپ
میں پاکستان کے اہداف اور ان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان منی لانڈرنگ اور کالعدم تنظیوں کی فنڈنگ کی روک تھام اور انعامی بانڈ، منی آرڈر کا مکمل ریکارڈ اور اس میں کالے دھن کی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کرے گا۔اجلاس میں پاکستان اپنا آخری دفاع پیش کرے گا اور دلائل دے گا، جس کے بعد اجلاس میں تیار ہونے والی حتمی رپورٹ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو بھیجی جائے گی، جس کا اجلاس اکتوبر کے آخر میں پیرس میں ہوگا۔