کراچی (این این آئی)شہر قائد کراچی میں تخریب کار پھر سرگرم ہوگئے ہیں۔ پولیس نے قائدآباد کے علاقے میں موٹرسائیکل میں نصب چار کلو سے زائد وزنی بم ناکارہ بنادیا۔ شہریوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاوارث موٹرسائیکل کی اطلاع پولیس کو دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں تخریب کاری کی بڑی کوشش اس وقت ناکام بنادی گئی جب قائدآباد میں موٹرسائیکل پر نصب چار کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا گیا۔پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گل احمد چورنگی پر ایک موٹر سائیکل لاوارث حالت میں
کھڑی ہے۔پولیس موٹرسائیکل کو تھانے لے آئی۔تلاشی پر معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل میں بم نصب ہے۔بم نصب ہونے کا پتہ چلتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بلایا گیا جس نے دو گھنٹے کی کوشش کے بعد بم ناکارہ بنادیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذرائع کے مطابق بم چار کلو وزنی تھا جس میں بال بیئرنگ بھی موجود تھے۔بم کو آئی ای ڈی ڈیوائس سے منسلک کیا گیا تھا۔نومبر دوہزار اٹھارہ میں بھی قائد آباد پل کے نیچے مارکیٹ میں دھماکہ ہوا تھاجس کے نتئجے میں دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے تھے۔