لندن (آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ قرضے لیے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت
نے ایک سال میں اندرونی و بیرونی قرضوں میں 31 فیصد اضافہ کیا،مسلم لیگ(ن) کا یومیہ قرضہ 5ارب تھا جبکہ پی ٹی آئی کا 20ارب سے زائد ہے، ایک بلین کا قرضہ لے کر ایک بلین کا پرانا قرضہ واپس کر نے سے قرضے میں اضافہ نہیں ہو تا۔ اسحاق ڈار نے کہا ایک سال پہلے 24ہزار212 بلین قرض تھا جو ایک سال بعد 31ہزار 784 بلین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے ہمارا اندرونی قرضہ 16400اور بیرونی 7800بلین تھا،ایک سال کے بعد پی ٹی آئی حکومت کا 20ہزار 700 اندرونی قرضہ اور بیرونی قرضہ 11ہزار100ہو گیا دونوں کو جمع کر کے یہ 31ہزار 800 بلین بنتا ہے، اس میں اندرونی قرضے میں تقریباً 26فیصد اور بیرونی قرضہ میں 44فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ ٹوٹل 31فیصد بنتا ہے جو کہ گزشتہ سب حکومتوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت روز کہتی ہے کہ ہم گزشتہ حکومت کے قرضے واپس کررہے ہیں، یہ اس حکومت کا مضحکہ خیز بیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک بلین کا نیا قرضہ لے کر ایک بلین کا پرانا قرضہ واپس کریں گے تو اس سے اضافہ نہیں ہو گا بلکہ جب آپ قرضہ زیادہ لیں گے اور واپس کم کریں گے تو اضافہ ہو گا۔