اسلام آباد( آن لائن) سپریم کورٹ نے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر سندھ اسمبلی میں گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس (جی ڈی اے) کے رکن معظم علی خان کو نااہل قرار دے دیا۔جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ نے رکنِ صوبائی اسمبلی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے
فیصلہ سنایا۔معظم علی 2018 کے عام انتخابات میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ٹکٹ پرلاڑکانہ 2 کے حلقے پی ایس 11 سے رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔سپریم کورٹ نے رکنِ صوبائی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور سندھ اسمبلی کے مذکورہ حلقے میں دوبارہ انتخابات کروانے کا بھی حکم دیا۔واضح رہے کہ معظم علی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست پاکستانی پیپلز پارٹی رکنِ سندھ اسمبلی اور پی پی پی کے رہنما نثار کھوڑو کی صاحبزادی ندا کھوڑو نے دائر کی تھی۔خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں پی پی پی کا گڑھ سمجھے جانے والے شہر لاڑکانہ سے جی ڈی اے کے امیدوار کی کامیابی سے پارٹی کو بڑا دھچکا لگا تھا۔اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حلقے میں دوبارہ الیکشن کروانے کا شیڈول جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس سے قبل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پاس سندھ اسمبلی کی 14 نشستیں تھیں جو معظم علی کو نااہل کیے جانے کے بعد اب 13 رہ گئیں ہیں۔