سکھر(این این آئی)پاکستان ریلویز کی ایک اور مجرمانہ غفلت سامنے آ گئی، پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کو بریک خراب ہونے کے باوجود زبردستی چلایا جانے لگا، مسافر ٹرین تاخیر سے روہڑی پہنچی تو انتظامیہ نے متاثرہ بوگی کو ٹرین سے الگ کرکے حادثے سے بچا لیاریلوے ذرائع کے مطابق پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی. مسافر ٹرین سکھر ڈویزن میں داخل ہوئی
تو بوگی نمبر 13 کے بریک اور ویل شاکس خراب ہو گئے. اس کے باوجود بھی ٹرین کو زبردستی چلایا گیا تاہم جیسے ہی ٹرین روہڑی پہنچی تو ریلوے کی مکینیکل ٹیم نے بوگی کو ان فٹ قرار دیتے ہوئے ٹرین سے الگ کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد متاثرہ بوگی کو ٹرین سے الگ کرلیاگیا. بریکس کی خرابی اور بوگی کی علیحدگی کے باعث ٹرین پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار رہی جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا رہا۔