کراچی (آن لائن)کراچی کے علاقے عزیز آباد سے پولیس نے ڈکیت قومی موومنٹ نامی گروپ کے 2 ڈکیتوں کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا۔گرفتار ملزمان ڈکیتی کی سو سے زائد وارداتیں کر چکے ہیں اور ڈکیتیاں کرنے کے لیے انہوں نے واٹس ایپ گروپ بنا رکھا تھا۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے عزیز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے واٹس ایپ پر ڈکیتی کیلئے پلان کرنے والے گروپ کے 2 ملزمان ارسلان اور فرحان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا
گروپ 8 سے 10 مبینہ ڈاکوئوں پر مشتمل ہے اور ہر واردات میں 4 سے 5 ملزمان حصہ لیتے ہیں۔ملزمان نے واٹس ایپ پر ڈکیت قومی مومنٹ کے نام سے گروپ بنا رکھا ہے، گرفتار ملزمان وارداتوں کی سنچری مکمل کر چکے ہیں، جن کے باقی ساتھیوں کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتار ملزمان ارسلان اور فرحان نے اپنے گروپ کے ہمراہ عزیز آباد، ناظم آباد، نیو کراچی، میٹھادر، کھارادر، گارڈن اور بریگیڈ کے علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، یہ ملزمان متعدد بار جیل بھی جا چکے ہیں۔