اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کو اپنی تیسری کارکردگی رپورٹ پیش کر دی ہے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ایشیاء پیسفک گروپ کا اجلاس آسٹریلیا میں ہوا، اس اجلاس میں پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات کی فہرست پیش کی،
پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ 450 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں 21 نکات پر عملدرآمد کی مکمل تفصیل ہے، ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ بھارت کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑی ہے، ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں ایشیا بحرالکاہل گروپ نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے اور پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو بہترین قرار دیا ہے۔ ایشیا بحرالکاہل گروپ کے تمام ارکان نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی۔ دوسری جانب وزارت خزانہ نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان انسداد منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے کارروائیاں جاری رکھے گا۔وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ایشیاء پیسفک گروپ کا اجلاس آسٹریلیا میں ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کی،اجلاس میں پاکستان کی فروری سے اکتوبر 2018 تک تیسری میوچل ایولیوایشن رپورٹ پیش کی گئی۔وزارت خزانہ کے مطابق رپورٹ میں انسداد منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی فنڈنگ کو روکنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کو روکنے پر پیش رفت کی ہے وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان انسداد منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے کارروائیاں جاری رکھے گا۔