اسلام آباد(سی پی پی)وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے پریانکا چوپڑا کیخلاف یونیسیف کو خط لکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اداکارہ کا بطور امن کی سفیر رویہ خود امن کیخلاف ہے۔وفاقی وزیر شیری مزاری نے یونیسیف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریٹا فور کو باضابطہ خط ارسال کر دیا۔
جس میں کہا گیا کہ یونیسیف نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو امن کا سفیر مقرر کر رکھا ہے، مودی کے کشمیریوں کی نسل کشی کے منصوبے نے مقبوضہ وادی میں بحرانی کیفیت پیدا کی، بھارتی حکومت آسام میں 40 لاکھ مسلمانوں کو شہریت دینے سے بھی انکاری ہے، بھارت حکومت نازی عقوبت خانوں کی طرح مسلمانوں کو حراستی مراکز میں قید کر رہی ہے۔خط میں مزید کہا گیا کہ قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنیں استعمال کر رہی ہیں، بھارتی قابض افواج کی جانب سے خواتین کی بے حرمتی کا سلسلہ بھی تیز ہو چکا، بھارتی اداکارہ مودی حکومت کے ظلم اور ہتھکنڈوں کی کھل کر حمایت کر رہی ہے، پریانکا نے بھارتی وزیر دفاع کی پاکستان کو جوہری حملے کی دھمکی کی بھی تائید کی، نام نہاد امن سفیر کا جوہری جنگ کی تائید کرنا اقوام متحدہ کے دیئے اعزاز کیخلاف ہے، بھارتی اداکارہ کا بطور امن سفیر یہ رویہ خود امن کیخلاف ہے، بھارتی اداکارہ خود اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی موجب ہے۔وفاقی وزیر کی جانب سے لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا کہ جنگی جنون میں مبتلا اس خاتون کو امن سفیر کے منصب سے معزول کیا جائے، پریانکا چوپڑا کو معزول نہ کیا گیا تو یہ منصب جگ ہنسائی کا نشانہ بن جائے گا، التماس ہے کہ بھارتی اداکارہ سے یہ منصب فوری واپس لیا جائے۔