اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت میں لے جانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے، ہمارا موقف واضح، ٹھوس اور اصولی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارت قانون اس سلسلے میں تمام تفصیلات جلد جاری کریگی۔دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں
کا مقدمہ لڑے گا، عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں خطاب کرنے جارہے ہیں، بھارتی وزیراعظم مودی 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔یاد رہے گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پررابطہ ہوا تھا، صدرٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ٹیلی فونک کال کے بعد رابطہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم روکنے کیلئے کرداراداکرنے کامطالبہ کیا تھا۔