اسلام آباد (این این آئی) وفاقی کابینہ نے کم قیمت مکانات منصوبے کیلئے 5 ارب روپے قرضہ فراہمی،پاک ترک سٹریٹجک اکنامک فریم ورک،کرسچن میرج اور طلاق بل 2019،گھریلو تشدد سے تحفظ اور روک تھام کے بل،نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سمیت متعدد فیصلوں کی منظوری دیدی ہے جبکہ معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہاہے کہ بزنس مین پر نیب کا خوف طاری ہے، کابینہ میں ڈسکس کیا گیا کہ کیسے باہر سے آنے والے
بزنس مینوں کا یہ خوف دور کیا جائے؟ اگلی کابینہ میٹنگ میں بھی بات ہوگی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں کمی آئی ہے، وزیر اعظم نے بتایا کہ کیسے دیوالیہ معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا؟، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نہ اٹھایا گیا تو پاکستان عالمی عدالت انصاف میں جائیگا،کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے،میڈیا بھارتی بربریت کیخلاف تسلسل سے آواز بلند کر نے کا سلسلہ جاری رکھے، وزیر اعظم ستائیس ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے، چھبیس ستمبر کو مودی خطاب کریں گے، چھبیس ستمبر تک ہمیں کشمیر اشو پر مسلسل بات کرتے رہنا ہوگا،جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں توسیع خطے میں امن کے تسلسل کے تحت ہوئی ہے۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق کابینہ نے کاروباری طبقے اور بیوروکریٹس سے متعلق نیب قوانین پر نظرثانی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو ای بلنگ اور ای بڈنگ نظام متعارف کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بلز کی ادائیگی اور ٹھیکوں کی بولی مکمل طور پر آن لائن کی جائے۔وفاقی کابینہ نے پاک ترک اقتصادی فریم ورک اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق ترامیم کی بھی منظوری دیدی۔ مراد سعید نے وزارت مواصلات کی ایک سالہ کارکردی پر کابینہ کو بریفنگ دی اور وزیراعظم عمران خان نے وزارت مواصلات کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیر اعظم کی زیر قیادت کابینہ کا تیرواں آئٹم ایجنڈہ ڈسکس ہوا، تین نمبر ایجنڈہ پر سب سے پہلے بات ہوئی۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیر اعظم نے ہر کابینہ ممبر کو ہدایت کی تھی کہ عوامی فلاح کے لئے کام کریں،اس حوالے سے سیر حاصل بات کی گئی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزراء نے عوامی فلاح کے مختلف
اقدامات پرائم منسٹر کو بتائے، منسٹر پارلیمنٹری افیئرز نے کابینہ میں بتایا کہ پارلیمنٹ میں پبلک کمپلینٹ سیل کی کارکردگی اچھی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پرائم منسٹر پورٹل بھی ایک اچھا اقدام ثابت ہوا۔ انہوں نے کہاکہ پہاڑی علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والی مصنوعات متعارف کرارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شجرکاری مہم میں پھلدار درختوں کی کاشت بڑھانے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ پھلدار درختوں کی کاشت بڑھانے کیلئے نوجوانوں کو شامل کیا جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ وزیر توانائی نے اپنی وزارت میں 120ارب روپے کی ریکارڈ بچت سے متعلق آگاہ کیا،وزیر امور کشمیر نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہاکہ انفارمیشن اور ٹیکنالوجی وزارتوں کی طرف سے بھی پروپوزل آئے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سیاحوں کو نارتھ ایریاز میں سہولیات دینے کا فیصلہ بھی ہوا۔معاون خصوصی نے کہاکہ یہ فیصلہ ہوا کہ لوگ اپنے گھروں میں ایک کمرہ رینٹ پر دیا کریں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو اس حوالے سے قرضے
بھی دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اقدام سے مقامی افراد کو اضافی آمدن اور سیاحوں کو سستی رہائش میسر آسکے گی۔فردوس عاشق اعوان نے بتایاکہ کابینہ کو بتایا گیا کہ گیس اور بجلی چوری سے بچنے کے لئے ای میٹرز کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فہمیدہ مرزا نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی کے گیپ کو کیسے کم کیا؟ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے کابینہ کو بتایا کہ حکومت میں آنے کے بعد کیا چیلنجز تھے، وزیر اعظم نے بتایا کہ کیسے
دیوالیہ معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا؟۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے بتایا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں کمی آئی ہے، وزیر اعظم نے بیرونی قرضوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ انوسٹمنٹ فرینڈلی پالیسیز بھی کابینہ کے ساتھ شیئر کی گئیں، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ون ونڈو آپریشن کے اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی سہولیات دی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ روزگار بڑھانے کیلئے صنعتوں کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سر مایہ کاری بڑھانے میں سمندر پار
پاکستانی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کابینہ نے کمیٹی برائے نجکاری کے آٹھ اگست کے فیصلوں کی توثیق کی، معاون خصوصی نے کہاکہ ترکی کے ساتھ اکنامک فریم ورک کی منظوری دی گئی اس میں نو جوائنٹ ورکنگ گروپ بنائے گئے ہیں، ان گروپس کو منسٹر اکنامک افیئر ہیڈ کریں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ڈیفنس اور کلوز کوآپریشن بھی ان ورکنگ گروپس کے ٹی او آرز کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک ترک آزادانہ تجارتی معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،
دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ منصوبے کرنے کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت وسط ایشیائی ریاستوں اور ترکی کے ذریعے یورپ سے تجارت بڑھائینگے۔ انہوں نے کہاکہ کم قیمت مکانات منصوبے کیلئے 5 ارب روپے قرضہ فراہمی کی منظوری دی گئی،مکانات کی تعمیر کیلئے قرضے بلاسود فراہم کیے جائیں گے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ کرسچن میرج اینڈ ڈائیورس بل کی پرسپل اپروول دی گئی، ڈومیسٹک وائیلنس اور پروٹیکشن بل کی بھی منظوری دی گئی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سی سی ایل سی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ مراد سعید نے بتایا کہ ایک سال میں سات ارب روپے کی ریکوری کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کو بتایا گیا ڈرائیونگ لائسنسگ اتھارٹی مڈل ایسٹ میں معاہدے کریگی۔انہوں نے بتایاکہ بزنس مین کا اعتماد بڑھانے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، بزنس مین پر نیب کا خوف طاری ہے۔انہوں نے کہاکہ کابینہ میں ڈسکس کیا گیا کہ
کیسے باہر سے آنے والے بزنس مینوں کا یہ خوف دور کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگلی کابینہ میٹنگ میں اس پر بھی بات ہوگی۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کابینہ میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بھی بات ہوئی ہے،وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر صورت حال پر کابینہ کواعتماد میں لیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مودی ہٹلر بن کر اپنی خواہشات کی تکمیل کرنا چاہتا ہے، وزیر اعظم نے کابینہ کو ہدایت کی تمام وزیر اور میڈیا کشمیر اشو کو زندہ رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نہ اٹھایا گیا تو پاکستان آئی سی جے میں جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم ستائیس ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے، چھبیس ستمبر کو مودی خطاب کریں گے۔انہوں نے کہاکہ آج سے چھبیس ستمبر تک ہمیں کشمیر اشو پر مسلسل بات کرتے رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں توسیع خطے میں امن کے تسلسل کے تحت ہوئی ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ اسلامی ممالک کے مفادات معاشی ہیں، کشمیر ایشو پر ہندوستان کو سپورٹ کرنا کشمیر کاز کی مخالفت ہے۔انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کی جنگ عالمی فورمز پر موثر انداز میں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔