اسلام آباد(اے این این ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں پارلیمانی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی، خواجہ آصف، راجہ پرویز اشرف، حاصل بزنجو سمیت دیگر نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس میں ڈی جی ایم او اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
پاک فوج کی سرحدوں پر تعیناتی کے حوالے سے ڈی جی ایم او نے بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق ڈی جی ایم او کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلیے تیار ہے۔ بارڈرز پر فوج کے اضافی دستے تعینات ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے بارے میں مختلف ممالک سے رابطے میں ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر بارے پاکستان کے موقف کی جیت ہوئی ہے۔