دیر بالا(این این آئی) خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں مسافر گاڑی کے قریب دھماکے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکا دیر بالا کے علاقے حیاگئی میں ہوا جہاں ایک ڈبل کیبن گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا،
دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے واقعہ میں زخمی ہونے و الے افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 2 زخمی چل بسے۔ضلع پولیس افسر(ڈی پی او) نے دھماکے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جائے دھماکا سے امدادی کارروائیاں مکمل کرکے اسے سیل کردیا گیا ہے، تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ڈی ایچ کیو میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دھماکے میں متعدد زخمیوں کی ڈی ایچ کیو میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ڈی پی او میاں نصیب جان کے مطابق گما ڈھنڈ میں گاڑی کے قریب دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق اپر دیر واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حاجی معتبر خان کی جائیداد پر پرانی دشمنی چلی آرہی ہے اور دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر کئی حملے کئے ہیں۔وزیراطلاعات کے مطابق حاجی معتبر خان پر پہلے بھی دو خودکش حملے ہو چکے ہیں، انہیں پولیس اہلکار سیکورٹی کیلئے دئیے گئے تھے جو دھماکے میں زخمی ہوئے۔