اسلام آباد(این این آئی) حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (آج) پیر کو ہو گی۔اسلام آبادمیں ہونے والی اے پی سی کی صدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر پیدا شدہ صورتحال پہ غور و خوص کریں گی۔ اے پی سی میں سینیٹ میں ناکام ہونے والی تحریک عدم اعتماد کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ اے پی سی میں موجودہ حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاجی حکمت عملی
طے کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہاکہ شہباز شریف اے پی سی میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ترجمان مسلم لیگ (ن)کے مطابق یوم جشن آزادی پر کمر میں چوٹ لگنے کی وجہ سے شہباز شریف کو ڈاکٹر نے مکمل آرام کی ہدایت کی ہے،پارٹی کے سینئر قائدین پر مشتمل وفد (آج) پیر کو اے پی سی میں شرکت کرے گا۔قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف، سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق وفد میں شامل ہوں گے۔