اسلام آباد (این این آئی)بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر خارجہ کا بیان
ہماری نظر سے گزرا ہے یہ بیان اس بدترین صورتحال کی عکاسی کرتا ہےجس میں بھارت گھر چکا ہے اور اپنے یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مکینوں کا گذشتہ دو ہفتوں سے جاری بلا جواز محاصرہ بھی انتہائی قابل مذمت ہے اور بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق، اس محاصرے کی مزید طوالت بہت بڑا انسانی المیہ ہو گا عالمی دنیا، بالخصوص اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل نے اس غیر مستحکم صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کا تعلق ہے تو پاکستان، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے موقف پر بدستور قائم ہے اور سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں اس مسئلے کے حل کا متقاضی ہے،واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیر نے پاکستانی صحافیوں سے ہاتھ ملایا تھا اور پاکستان کو شملہ معاہدے کے تحت مذاکرات کی پیشکش بھی کی تھی۔