لاہور (صباح نیوز) فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے پنجاب کے حوالہ سے نیا الرٹ جاری کر دیا۔ الرٹ کے مطابق آئندہ 72گھنٹوں کے دوران پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ دریائے ستلج، بیاس، راوی، چناب اورجہلم کے بالائی علاقوں میں شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ خلیج بنگال سے آنے والا کم دباؤ کا سسٹم بھارتی صوبہ راجھستان
کے شمال مشرق میں موجود ہے اور بارشوں کا یہ سسٹم پنجاب کے بالائی علاقوں کی جانب گامزن ہو سکتا ہے۔ خلیج بنگال کی مون سون ہواؤں کا مغربی ہواؤں سے ٹکراؤ کا بھی امکان ہے۔ دریائے ستلج اور راوی کے بہاؤ کا انحصار بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے پر ہو گا۔الرٹ میں تمام متعلقہ اداروں کو سیلابی صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔