لاہور15 اگست: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آج فیصل چوک میں یوم سیاہ کے حوالے سے منعقدہ ریلی سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پنجاب میں 36 سڑکیں اور 9 پارک کشمیر سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے یوم سیاہ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ایک شاہراہ کو کشمیر کے نام سے منسوب کیا جائے گا اور اسی طرح ڈویژن کی سطح پر ایک پبلک پارک کو بھی کشمیر کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ ہر ہفتے علامتی طورپر
کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے اور کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھرپور طریقے سے کشمیر کا مقدمہ لڑا جس پر میں وزیراعظم اور آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور سیاسی محاذ پر تنازع کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔اقوام متحدہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی زیادتیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پورے ملک میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پنجاب سمیت ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ بھارت کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کیا ہے۔ کشمیر کی منفردحیثیت کے ضامن آرٹیکل 370کو ختم کرکے بھارت نے اپنا جمہوری اور سیکولر تشخص بری طرح مجروح کیا ہے۔ پوری دنیا دیکھ لے کہ کشمیری اور پاکستانی بھارتی مظالم پر سراپا احتجاج ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور کھڑے رہیں گے اور میری دلی خواہش اور دعا ہے کہ ہم اگلا یوم آزادی کشمیری عوام کے ساتھ مل کر منائیں۔ انہوں نے کہا کہ
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ کی ریلی میں بھرپور شرکت پر سیاسی قائدین، اکابرین، سول سوسائٹی اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر اور کشمیری عوام ہمارے دل اور روح میں بستے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کے اختتام پر ”پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعرے لگائے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری، کشمیر کی بیٹی مشعال ملک، صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، راجہ بشارت، ابرارالحق، کامل علی آغا، شعیب صدیقی، غلام محی الدین دیوان،عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور اور دیگر سیاسی قائدین و اکابرین بھی ریلی میں شریک تھے۔