لاہور(آئی این پی) وزارت انسداد منشیات نے سابق صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ اوران کے خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دے دیا‘ وزارت انسداد منشیات نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت انسداد منشیات کے مطابق رانا ثنااللہ اور انکی فیملی ممبران کے اثاثے مبینہ طور پر منشیات فروشی کو تحفظ دیکر بنانے کے شواہد ملے ہیں، رانا ثنااللہ کے نام پر 3 پلاٹ، 15 دکانیں ہیں اور رانا ثنااللہ
کی بیو ی کے نام پر ایک پلاٹ اور 5 دکانیں ہیں جبکہ انکی بیٹی اور داماد کے نام پر 4 پلاٹ اور 11 دکانیں ہیں، 6دکانیں اور 2کمرشل پلاٹ بھی رانا ثنااللہ اور بیوی کے مشترکہ نام پر ہیں، اس کے علاوہ بھائی اور والدہ کے نام پر 2 گھر بھی ہیں ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت انسداد منشیات کے مطابق رانا ثنااللہ کی بیوی کے رشتہ دار کے نام پر ایک پلاٹ ہے۔ حکم نامے میں کہا ہے کہ تمام جائیدادوں کی خرید و فروخت اور منتقلی ہرگز نہ ہو، خلاف ورزی پر سزا و جرمانہ ہوسکتا ہے۔